8

سمندری ہوائیں کمزور، کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ

شہر قائد میں سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں سمندری ہوائیں غیر معمولی طور پر کمزور رہیں، جس کے باعث دن کے اوقات میں گرمی کی شدت بڑھ گئی۔ دوپہر 12 بجے درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا، جبکہ بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے چلنے والی ہوائیں بھی شہر پر اثرانداز ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 2.5 ڈگری اضافے کے بعد 38.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد رہا۔

کراچی میں کل بھی گرمی برقرار رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیشگوئی کی ہے کہ بدھ کو بھی کراچی میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

شہر میں سمندری ہواؤں کے علاوہ مغربی اور شمال مغربی سمت سے ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دیہی سندھ میں مٹھی سب سے زیادہ گرم رہا

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو دیہی سندھ میں سب سے زیادہ گرمی مٹھی میں ریکارڈ کی گئی، جہاں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ شہید بینظیر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ گرم موسم کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا مناسب استعمال کریں۔