5

اپنوں کو لوٹنے کا منصوبہ بے نقاب، ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ بھتیجا نکلا

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈکیتی کی واردات کا اہم انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں دکان مالک کا اپنا بھتیجا ہی مبینہ طور پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی میں ملوث نکلا۔ اسلام پورہ پولیس نے واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شہریار اور سکندر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر شیخ عبدالقادر جیلانی روڈ پر شہری محمد فیصل سے 3 لاکھ 27 ہزار 600 روپے لوٹے اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈکیتی کی منصوبہ بندی دکان مالک کے بھتیجے نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر کی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ جرم کی منصوبہ بندی کرنے والا ہو یا واردات میں براہ راست ملوث شخص، کوئی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔