جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی گرفتاری میں معاونت کے تاثر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی بے تکی باتیں ہرگز نہیں کی جانی چاہئیں کیونکہ یہ وقت ذمہ داری نبھانے کا ہے اور سینئر صحافیوں کو اس ضمن میں زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا اجلاس ہونے جا رہا ہے اور تحریک انصاف نے جو کمٹمنٹ کی تھی وہ اس پر پوری اتری ہے، جبکہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد آئندہ کا حتمی لائحہ عمل دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حکومت کی مایوسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال براہ راست حکومت سے پوچھا جائے۔
2









