4

پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس: خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ مسترد

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں خیبرپختونخوا میں کسی بھی قسم کے گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی سخت ترین الفاظ میں مخالفت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کے پی میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کا کوئی بھی اقدام صوبے کے عوام کے جمہوری مینڈیٹ اور بنیادی آئینی حقوق پر براہِ راست حملہ تصور ہوگا، جس سے صوبے میں سیاسی کشیدگی اور عوامی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا۔ پی ٹی آئی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کے آئینی حقوق، امن اور ترقی کا تحفظ ناگزیر ہے۔ اجلاس میں دہشت گردی کی ہر شکل کی غیر مشروط مذمت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے منتخب عوامی نمائندوں سے مشاورت اور سیاسی جماعتوں کے مؤقف کا احترام انتہائی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، اعلامیے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) اور جماعت اسلامی کے جمہوری مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیگر سیاسی قوتوں پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔