2

ایران پر دوبارہ بڑے حملوں کی تیاری: امریکی اخبار کا بڑا دعویٰ

امریکی فوج ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں تین روز تک شدید فضائی حملے کرنے کا آپشن بھی شامل ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے دعوے کے مطابق مجوزہ منصوبوں میں ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائر، توانائی کی تنصیبات اور اہم کمانڈ مراکز کو نشانہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کیمپ ڈیوڈ میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں اعلیٰ قومی سلامتی حکام کا اجلاس ہوا، جس میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی اخبار کے مطابق ان منصوبوں میں تین روز تک شدید حملے کرنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے، تاہم رپورٹ میں ان منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے آنے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اہم سوال یہ ہے کہ کیا امریکا ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرے گا یا یہ منصوبے صرف ممکنہ حکمت عملی تک محدود رہیں گے؟ اس حوالے سے صورت حال پر مزید پیش رفت کا انتظار ہے۔