پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن بیٹر لاہیرو اودارا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 91 رنز کی اننگز کھیلی۔ کمندو مینڈس 23 جبکہ کپتان داسن شناکا 18 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عمران نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب، رضا اللہ اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور رضا اللہ اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں، جبکہ پلیئنگ الیون میں فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم میں کپتان کوشل مینڈس کے علاوہ لاہیرو اودارا، کامل مشارا، کمندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالگے، مہیش تھیکشانا، دشمنتھا چمیرا، ایشان ملنگا اور نووان تھشارا شامل ہیں۔
اب پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے 183 رنز بنانے ہوں گے۔ شائقین کرکٹ کی نظریں قومی بیٹرز کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔









