5

9 اکتوبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی پنجاب میں لاہور سمیت بعض اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور جہلم سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

دوسری جانب کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بھی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اکتوبر سے بالائی علاقوں میں کمزور مغربی ہواؤں کا نظام داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

صبح کے وقت ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں 21، لاہور 26، کراچی 27، پشاور 23، کوئٹہ 15، گلگت 11، مری 12 اور مظفرآباد میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔