پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، ہر میچ میں بہتر کارکردگی دکھانا ہمارا مقصد ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل 9 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو ہوگا۔ تینوں میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی ہے اور قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف بھی بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی کپتانی ملنا فخر کی بات ہے تاہم اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ بطور کپتان کوشش ہوگی کہ ٹیم کو اعتماد دیا جائے اور بہترین دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے نتائج حاصل کیے جائیں۔
صاحبزادہ فرحان نے فخر زمان اور شاداب خان کی واپسی کو ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی موجودگی سے قومی اسکواڈ مزید مضبوط ہوا ہے۔ ٹیم میں اچھے فاسٹ بولرز بھی موجود ہیں جن سے سری لنکا کے خلاف اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان سینئر کھلاڑی ہیں اور ان کی کمی محسوس ہوگی، تاہم موجودہ اسکواڈ میں بھی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو ذمہ داری سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ٹی 20 کپتان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں دباؤ ہر ٹیم پر ہوتا ہے، اس لیے کسی بھی حریف کو آسان نہیں لیا جاسکتا۔ ٹیم کو دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے مثبت انداز میں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کے بعد بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ اولین ہدف سیریز جیتنا ہے تاہم ہر میچ کو الگ لے کر بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں پاکستان نے سری لنکا کا دورہ کیا تھا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 31 ٹی 20 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں پاکستان نے 18 اور سری لنکا نے 12 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔









