وزیراعظم شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات، تجارت سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی قیادت کے روابط بڑھانے اور کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور بھی زیرِ بحث آئے۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔









