خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور ملحقہ علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 172 کلومیٹر تھی۔
حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ سوات میں تقریباً 16 گھنٹوں کے دوران یہ دوسری مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکوں کے دوران شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے باعث تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا کے سوات، شانگلہ، خیبر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق زلزلے عموماً زمین کی اندرونی تہوں میں ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت اور فالٹ لائنز پر اچانک دباؤ خارج ہونے کے نتیجے میں آتے ہیں۔









