3

امریکا نے حملہ کیا تو خطے میں اس کے فوجی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے: ایران

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف نئی جنگ شروع ہوئی تو اس کے اثرات پورے خطے تک پھیل سکتے ہیں۔

ایرانی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ اگر امریکا ایران کے خلاف براہِ راست یا اسرائیل کی درخواست پر کوئی کارروائی کرتا ہے تو ایرانی مسلح افواج امریکی مفادات کو نشانہ بنانے میں کسی حد کی پابند نہیں ہوں گی۔

ایرانی فوجی سربراہ نے خطے میں امریکی فوجی اڈے رکھنے والے پڑوسی ممالک کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی حملے کی صورت میں امریکی فوجی تنصیبات اور مفادات کو جواب کا نشانہ بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی بدامنی اور معاشی مشکلات کی ایک بڑی وجہ ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے ایران کے جوہری پروگرام کے فوجی مرحلے میں داخل ہونے سے متعلق اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی پر بھی زور دیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات سے متعلق غیر مصدقہ بیانات دینے سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کے تناظر میں ایران کی جانب سے امریکا کو سات شرائط پیش کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ امریکی جواب ایران کو موصول ہوچکا ہے، تاہم اس کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔