5

سب نے طے کیا ہے مذاکرات کی تفصیلات خفیہ رہیں گی: ترجمان تحریک تحفظ

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے فریقین نے طے کیا تھا کہ بات چیت کی تفصیلات باہر نہیں لائی جائیں گی، تاہم ان کے بقول پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ مذاکرات کے معاملے پر وہ فی الحال تفصیلات بیان نہیں کرسکتے، کیونکہ تمام فریقین کے درمیان بات چیت کو صیغۂ راز میں رکھنے پر اتفاق ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شیری رحمان ایک سینئر پارلیمانی رکن ہیں اور انہیں مذاکراتی عمل سے متعلق ایسی معلومات عوام کے سامنے نہیں لانی چاہئیں تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے اپنے مطالبات حکومتی وفد کے سامنے رکھے جاچکے ہیں، جبکہ حکومتی نمائندوں نے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

اخونزادہ حسین کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے حکومتی مؤقف پر مزید مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے اور غیر مشروط طور پر لانگ مارچ ملتوی کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے شیری رحمان کے بیان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے باہمی اعتماد برقرار رکھنا ضروری ہے۔

حالیہ دنوں میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان سیاسی رابطے اور مذاکرات جاری رہے ہیں، جبکہ 4 اکتوبر کے مجوزہ لانگ مارچ کے معاملے پر مختلف اپوزیشن جماعتوں کے مؤقف بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اس سے قبل بھی 4 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جبکہ ترجمان اخونزادہ حسین نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مزید مشاورت جاری رکھنے کی بات کی تھی۔