محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسم بدلنے والا ہے اور اکتوبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اچھی بارشیں متوقع ہیں، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی جبکہ بلند پہاڑی سلسلوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق اس دوران بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں رواں سال کا مون سون سیزن اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں جہاں راولپنڈی میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر، لاہور میں 1316، سیالکوٹ میں 1256 اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اگرچہ رواں سال کسی بڑے دریا میں بڑے سیلاب کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی کے باعث 83 موضع جات اور 43 ہزار سے زائد ایکڑ زرعی رقبہ متاثر ہوا۔ بارشوں اور حادثات کے دوران مجموعی طور پر 65 افراد جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کے ازالے اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔









