لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کچن بند ہونے اور لنگر کی تقسیم کے معاملے پر قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان شدید جھگڑا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اشرف نامی ایک قیدی جاں بحق جبکہ 4 قیدی زخمی ہو گئے ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کے مطابق جھگڑے کی بنیادی وجہ لنگر کا حصول اور کچن کی بندش تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جیل انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر جنرل اسپتال منتقل کیا جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق دو زخمی قیدیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد آئی جی جیل خانہ جات اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھی اسپتال پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









