3

8 ویں منزل سے گرنے والی 21 سالہ لڑکی معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی

امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایتھنز میں ایک 21 سالہ خاتون اپارٹمنٹ بلڈنگ کی 8 ویں منزل کی کھڑکی سے گرنے کے باوجود زندگی بچانے میں کامیاب ہوگئی۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعہ 26 ستمبر کو پیش آیا۔ جارجیا یونیورسٹی کی طالبہ کرسٹین سارجنٹ آٹھویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ میں کھڑکی کے قریب صوفے پر رقص کر رہی تھیں کہ اچانک پھسل کر کھڑکی سے باہر جا گریں۔

پولیس کے مطابق خاتون عمارت کی دوسری منزل کے احاطے میں موجود پول کے قریب جا گریں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے معلوم ہوا کہ گرنے کے دوران وہ ایک دھاتی بینچ سے بھی ٹکرائی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بینچ کے کشن پر خون کے دھبے موجود تھے اور بینچ کو بھی نقصان پہنچا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس نے خاتون کے گرنے کی شدت کم کرنے میں مدد کی۔

حادثے کے بعد خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی مجرمانہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔

کرسٹین سارجنٹ کے اہلخانہ کے مطابق وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں، جبکہ ان کی بہن نے کہا کہ وہ اپنی بہن کی جان بچ جانے پر بے حد شکر گزار ہیں۔