انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یکم اکتوبر 2026 سے شروع ہونے والی بین الاقوامی سیریز کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔
نئے قوانین کا مقصد کھیل میں وقت کے ضیاع کو کم کرنا، گیند کے معیار کو مزید یکساں بنانا اور فیلڈنگ سے متعلق بعض قواعد کو واضح کرنا ہے۔
نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت مردوں کی کرکٹ میں اگر بیٹر مقررہ وقت کے اندر اگلی گیند کھیلنے کے لیے تیار نہ ہو تو پہلی خلاف ورزی پر وارننگ اور دوسری خلاف ورزی پر فائنل وارننگ دی جائے گی، جبکہ تیسری اور اس کے بعد ہر خلاف ورزی پر فیلڈنگ ٹیم کو 5 پنالٹی رنز دیے جائیں گے۔ مسلسل خلاف ورزیوں پر ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔
خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں استعمال ہونے والی گیندوں کے سائز اور وزن کے لیے بھی نئے سخت معیار مقرر کیے گئے ہیں، جن کے تحت مردوں، خواتین اور جونیئر کرکٹ کے لیے الگ الگ خصوصیات متعین ہوں گی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ڈے ٹائم میچز کے دوران گلابی گیند کے استعمال کا تجربہ بھی شروع کیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے دونوں ٹیموں کا میچ شروع ہونے سے پہلے اتفاق ضروری ہوگا۔
ایک اور تبدیلی کے تحت دن کے آخری اوور میں وکٹ گرنے سے لازماً دن کا کھیل ختم نہیں ہوگا۔ اگر اوور مکمل نہ ہوا ہو اور موسم و حالات کھیل جاری رکھنے کے لیے سازگار ہوں تو باقی گیندیں اسی روز کرائی جائیں گی۔
نئے قوانین میں اوور تھرو، گیند کے ’’فائنلی سیٹلڈ‘‘ ہونے اور رن آؤٹ یا اسٹمپنگ کے لیے فیلڈر کے گیند پر مکمل کنٹرول سے متعلق شقوں کو بھی مزید واضح کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ تبدیلیاں یکم اکتوبر یا اس کے بعد شروع ہونے والی تمام نئی بین الاقوامی سیریز پر لاگو ہوں گی، جبکہ پہلے سے جاری سیریز پر سابقہ قوانین برقرار رہیں گے۔









