5

مون سون میں سب سے کم بارش کہاں ہوئی؟ محکمہ موسمیات کا اعداد و شمار جاری

رواں سال مون سون سیزن کے دوران سندھ ملک کا سب سے کم بارش والا صوبہ رہا، جبکہ کراچی میں معمول کے مقابلے میں 92 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی سے 30 ستمبر تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 120.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جو معمول سے 19.3 فیصد کم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مون سون کے دوران معمول سے 50.8 فیصد کم بارش ہوئی، جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر صرف 71.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی، جہاں بارش معمول سے 92 فیصد کم رہی۔

دیگر علاقوں کی صورتحال بھی بارشوں میں کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔ بلوچستان میں معمول سے 33.7 فیصد کم، آزاد کشمیر میں 18.4 فیصد کم، خیبرپختونخوا میں 16.3 فیصد کم جبکہ پنجاب میں معمول سے 3.8 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان واحد خطہ رہا جہاں مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارش ہوئی، یہاں بارش معمول سے 4.6 فیصد زائد ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں میں کمی کی بڑی موسمیاتی وجوہات میں ال نینو کے اثرات کو بھی شامل کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ال نینو عالمی اور علاقائی موسمیاتی نظام میں تبدیلیاں پیدا کرکے جنوبی ایشیا میں مون سون کی شدت اور بارشوں کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان کے پڑوسی ممالک میں بھی مون سون بارشیں معمول سے نمایاں کم رہیں۔