3

خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے حالات مزید بگڑیں گے: ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے صوبے کے حالات مزید خراب ہوں گے۔

پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ غیر جمہوری عمل ہوگا۔ ان کے مطابق ایمرجنسی کے نام پر عوام کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حقوق سلب نہیں کیے جاسکتے۔

اے این پی سربراہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو موجودہ صورتحال تک پہنچانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے اور صوبے میں اختیار رکھنے والے عناصر کی پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے مسائل کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ عوام کے تحفظ میں ناکامی پر کسی ایک فریق کو مکمل طور پر بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ گزشتہ انتخابات میں دھاندلی صرف خیبرپختونخوا تک محدود نہیں تھی بلکہ پورے ملک میں ہوئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے معاملے پر وفاقی سطح پر مختلف آئینی آپشنز زیرِ بحث ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔