وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا گرینڈ خدمت مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں شہریوں کو وزارت داخلہ کے مختلف اداروں کی خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کے دورے کے موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ گرینڈ خدمت مرکز میں وزارت داخلہ کے تمام متعلقہ اداروں کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق نئے مرکز میں شہری ایک ہی مقام پر پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر ضروری سہولتیں حاصل کرسکیں گے۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تمام ضروریات اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام آگے بڑھایا جائے۔
وزیر داخلہ کے ترجمان کے مطابق محسن نقوی نے 10 روز کے اندر خدمت مرکز کا ماسٹر پلان طلب کرلیا ہے۔ ماسٹر پلان میں مرکز کے انتظامی، فنی اور دیگر ضروری تقاضوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گرینڈ خدمت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں کیلئے وزارت داخلہ سے متعلق مختلف خدمات تک رسائی آسان بنانا اور ایک ہی مقام پر متعدد سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
کراچی میں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر خدمات کے حصول کیلئے مختلف دفاتر جانے کی ضرورت کم ہونے کی توقع ہے۔









