سینئر وکیل رہنما احسن بھون نے کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، جس میں اپنی ایل ایل بی ڈگری سے متعلق مبینہ الزامات پر 7 روز کے اندر غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق احسن بھون نے مارچ 1989 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈگری ان کے پاس باقاعدہ طور پر موجود ہے۔
احسن بھون کے مؤقف کے مطابق پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں امیدواروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے عمل کے دوران پنجاب یونیورسٹی سے بھی ان کی ڈگری کی تصدیق کرائی گئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات نے متعلقہ سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد احسن بھون کی تعلیمی اسناد کو تصدیق شدہ قرار دیا، جبکہ یہ تصدیق 21 جنوری 2026 کو کی گئی۔
قانونی نوٹس میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن بھون کے کلاس اور بیچ سے تعلق رکھنے والے بعض افراد بعد ازاں جج اور سینئر وکیل بنے، جبکہ ان کی تعلیمی قابلیت سے متعلق ریکارڈ بھی موجود ہے۔
احسن بھون نے کیپٹن (ر) صفدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 7 روز کے اندر غیر مشروط معافی مانگیں اور مبینہ الزامات واپس لیں۔
نوٹس کے مطابق مقررہ مدت میں معافی نہ مانگنے کی صورت میں احسن بھون نے سول اور فوجداری قانونی کارروائی شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
احسن بھون کا کہنا ہے کہ ان کی ڈگری سے متعلق ریکارڈ موجود ہے اور متعلقہ ادارے کی جانب سے اس کی تصدیق بھی کی جاچکی ہے۔









