سیشن عدالت اسلام آباد نے چینی شہری ژو ژن لیانگ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ایک اور چینی شہری ین گو شوان کو سزائے موت سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت موت کی سزا سنائی، جبکہ مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق معاوضے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
عدالت نے گھر میں غیرقانونی داخلے کے الزام میں بھی ملزم کو 7 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، تاہم دفعہ 354 کے تحت عائد الزام سے اسے بری کردیا گیا۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
مقدمہ اسلام آباد کے سنمبل تھانے میں 2024 میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق سیکٹر جی 13/3 میں فائرنگ کے واقعے میں چینی شہری ژو ژن لیانگ زخمی ہوا، جسے بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دونوں چینی شہریوں کے درمیان تنازع کے دوران پیش آیا۔ سیف سٹی نظام کے ذریعے فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم ین گو شوان کو گرفتار کرلیا گیا۔
مقدمے کی کارروائی کے دوران عدالت نے قتل سمیت دیگر الزامات سے متعلق پیش کیے گئے شواہد کا جائزہ لیا۔ عینی شاہد کے بیان کے مطابق ملزم کے ہاتھ میں پستول تھا اور فائرنگ کے نتیجے میں ژو ژن لیانگ سیڑھیوں پر گر گیا تھا۔
عدالت نے دستیاب شواہد کی بنیاد پر قتل کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت سنائی، جبکہ دیگر دفعات کے تحت بھی الگ سزائیں اور جرمانہ عائد کیا۔
عدالتی فیصلے کے خلاف متعلقہ قانونی فورم پر اپیل کا حق موجود ہے، جبکہ سزائے موت پر عملدرآمد قانونی مراحل کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔









