محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بالائی شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا۔ تاہم چترال اور دیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی اضلاع میں دن کے دوران گرم رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود ہوسکتا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر 67 ملی میٹر، اٹک میں 55 ملی میٹر اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی نمایاں بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے ڈی آئی خان میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تربت 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا، جبکہ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مجموعی طور پر ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں گرمی برقرار رہنے جبکہ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر موسم میں عارضی تبدیلی کا امکان ہے۔









