6

بہاولپور: این اے 168 کے ضمنی الیکشن کا پہلا غیرحتمی نتیجہ آگیا

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج مرتب کرنے کا مرحلہ جاری ہے۔ حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان مقابلہ تھا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مختلف پولنگ اسٹیشنز سے نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں، جن میں بعض مقامات پر ولی داد چیمہ اور بعض پر ملک منیر اقبال چنڑ کو برتری حاصل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بہاولپور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول میڈیکل کالونی کے پولنگ اسٹیشن سے موصول غیر حتمی نتیجے میں آزاد امیدوار ولی داد چیمہ نے 117 ووٹ جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 70 ووٹ حاصل کیے۔

اسی طرح پولنگ اسٹیشن نمبر 150 کے غیر حتمی نتیجے میں ملک منیر اقبال چنڑ 66 ووٹ کے ساتھ جبکہ ولی داد چیمہ 38 ووٹ کے ساتھ موجود ہیں۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 90 سے موصول نتیجے میں ولی داد چیمہ 64 ووٹ جبکہ منیر اقبال چنڑ 35 ووٹ لے چکے ہیں۔

این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جبکہ 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک جاری رہی۔

حلقہ این اے 168 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا، جبکہ ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔

پولنگ کے اختتام کے بعد ریٹرننگ افسران کی جانب سے نتائج مرتب کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنز سے آنے والے غیر حتمی نتائج کے بعد مجموعی نتیجے کی تصویر واضح ہوگی۔