پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کے پیشِ نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات پر یومیہ کروڑوں روپے کے اخراجات آرہے ہیں، اور ذرائع کے مطابق مجموعی اخراجات ایک ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق شہر کی بندش اور سیکیورٹی کے لیے استعمال ہونے والے 1550 کنٹینرز کا یومیہ کرایہ ہی 4 کروڑ 65 لاکھ روپے بنتا ہے، جس کے حساب سے صرف کنٹینرز کا ایک ہفتے کا کرایہ 32 کروڑ 55 لاکھ روپے جبکہ دو ہفتوں میں یہ تخمینہ 65 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ جائے گا۔ اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے حکومت سے 82 کروڑ روپے کے فنڈز مانگ لیے ہیں۔
دوسری جانب امن و امان کی صورتحال سنبھالنے کے لیے پنجاب سے 16 ہزار پولیس اہلکار طلب کیے گئے ہیں، جن کے کھانے پر روزانہ 96 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور ایک ہفتے میں یہ لاگت 6 کروڑ 72 لاکھ روپے بنے گی، جبکہ دو ہفتوں میں صرف سندھ پولیس کے اہلکاروں کے کھانے پر 1 کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے نقل و حرکت کے لیے 70 کوسٹرز اور 30 ڈبل کیبن گاڑیاں بھی کرائے پر حاصل کی گئی ہیں، جن کا یومیہ کرایہ بالترتیب 10 لاکھ 50 ہزار اور 3 لاکھ روپے مقرر ہے۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کی رہائش کے لیے لیے جانے والے 157 ہوٹل کے کمروں کا یومیہ خرچ 7 لاکھ 54 ہزار 500 روپے بنتا ہے، جو ایک ہفتے میں 52 لاکھ 81 ہزار 500 روپے تک ہو جاتا ہے۔









