14

لانگ مارچ پر جو بھی فیصلہ ہوگا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے حوالے سے اختیار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو دیا ہے اور اس بارے میں جو بھی حتمی فیصلہ ہوگا، وہی آگاہ کریں گے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو بعض فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا ہے جبکہ ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے اور اس حوالے سے حتمی لائحہ عمل بھی سہیل آفریدی ہی بیان کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے معاملے پر پارٹی میں مشاورت جاری ہے اور فیصلے اتفاق رائے سے کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو بھی پارٹی معاملات سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سہیل آفریدی اس سے قبل 27 ستمبر کو لانگ مارچ کے انعقاد اور پرامن انداز میں اسلام آباد کی جانب بڑھنے کا اعلان کرچکے ہیں، جبکہ 25 ستمبر کو مارچ سے متعلق تفصیلات جاری کرنے کی بات بھی سامنے آ چکی ہے۔

لانگ مارچ سے متعلق حتمی فیصلے اور طریقہ کار کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت کی مشاورت جاری ہے۔