3

سندھ کے 6 انتظامی یونٹس بنیں گے، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی: فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بنیں گے اور صوبے کے وسائل تمام علاقوں میں برابر تقسیم ہونے چاہئیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے مستقبل کے بارے میں رائے دینے کا حق ملنا چاہیے، جس کے لیے شفاف ریفرنڈم بھی کرایا جاسکتا ہے۔ فاروق ستار کے مطابق یہ معاملہ طویل عرصے سے زیر بحث ہے اور اس پر عوامی رائے سامنے آنی چاہیے۔

ایم کیو ایم رہنما نے کراچی کے بلدیاتی ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کا معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے جائز حقوق فوری ادا کیے جائیں۔ انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مؤثر بنانے کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ضروری ہے اور میئر کراچی سمیت مقامی حکومتوں کو مؤثر اختیارات ملنے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نئے انتظامی یونٹس اور بااختیار بلدیاتی نظام کے مؤقف پر قائم ہے اور اس معاملے پر سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔