5

جماعت اسلامی نے لاہور میں کل بڑے جلسے کا اعلان کردیا

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے خلاف 25 ستمبر کو لاہور میں جلسہ عام کیا جائے گا، جس میں حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر لانگ مارچ اکتوبر تک مؤخر کیا گیا ہے، تاہم ملتان سے لاہور اور پھر اسلام آباد تک مارچ کی تیاریاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں عوام پر اضافی بوجھ بن چکی ہیں جبکہ پیٹرولیم لیوی بھی عوامی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ لیاقت بلوچ کے مطابق 107 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی قابل قبول نہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، آئی پی پیز سے حاصل ہونے والی بچت عوام کو منتقل کی جائے اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لائی جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے معاشی بہتری کے لیے حکومت کو چھ تجاویز دی ہیں، جن میں پالیسی ریٹ 9 فیصد تک لانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے اور حکومت کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی مکالمے کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال اور پی ٹی آئی کارکنوں، خصوصاً خواتین کی گرفتاریوں کا بھی ذکر کیا اور حکومت سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔