کراچی سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کیلئے بغیر ویکسینیشن سفر کی مدت میں مزید 15 روز کی توسیع کردی گئی ہے، جبکہ پشاور سے عمرہ اور سعودی وزٹ ویزا پر سفر کرنے والوں کیلئے بھی ویکسینیشن سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
فیڈرل ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق کراچی سے عمرہ زائرین 10 اکتوبر تک بغیر ویکسینیشن سفر کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق توسیع کا مقصد عازمینِ عمرہ کیلئے سفری سہولیات بہتر بنانا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ ڈسپنسری میں 5 نادرا سہولت سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ جیکب لائن ڈسپنسری میں آئندہ ہفتے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پشاور سے عمرہ زائرین اور سعودی وزٹ ویزا پر سفر کرنے والے مسافروں کیلئے 15 اکتوبر سے ویکسینیشن لازمی ہوگی، جبکہ پشاور سے عمرہ زائرین 14 اکتوبر تک بغیر ویکسینیشن سفر کرسکیں گے۔
پشاور کے سول سرجن آفس میں عمرہ زائرین کیلئے ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں مردوں اور خواتین کیلئے 20 کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں۔ مزید سہولت کیلئے نادرا کے 2 سہولت سینٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے کم از کم 10 دن قبل ویکسینیشن مکمل کرائیں تاکہ ایئرپورٹ پر کسی قسم کی دشواری سے بچا جاسکے۔
حالیہ ہدایات کے مطابق سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کیلئے ویکسینیشن سے متعلق شرائط مرحلہ وار نافذ کی جا رہی ہیں، جبکہ نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔









