محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ شام یا رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، شانگلہ، سوات، دیر، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت اور وزیرستان سمیت بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور میدانی علاقوں میں گرم رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال، اٹک، میانوالی، خوشاب، بھکر اور لیہ میں شام یا رات کے وقت بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بلوچستان کے ژوب اور موسیٰ خیل سمیت بعض علاقوں میں شام یا رات کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی بھی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیرآباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سکرنڈ، پڈعیدن اور حیدرآباد میں 44 ڈگری اور دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔









