10

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 19 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 19 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک صوبیدار بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں 21 ستمبر سے جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران اب تک 13 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ کارروائی کے بعد مختلف ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بیان کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ علاقے کو دہشتگرد عناصر سے پاک کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کیچ اور کوئٹہ ویسٹ کے علاقوں میں 22 اور 23 ستمبر کو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ان کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار محمد جمیل شہید ہوئے۔ 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل کا تعلق تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔

سکیورٹی فورسز کے مطابق مختلف کارروائیوں کا مقصد دہشتگرد عناصر اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔