13

پاک فوج اور پاک فضائیہ کی بروقت کاروائی، کوہاٹ اور طورخم بارڈر پر افغان طالبان کے 8 ڈرونز مار گرائے گئے

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ اور طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں افغان طالبان حکومت کی جانب سے بھیجے گئے 8 ڈرونز کامیابی کے ساتھ مار گرائے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ ڈرونز آج صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، جنہیں افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے فعال اور مستعد ائیر ڈیفنس سسٹم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔ ان میں سے 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے، جو افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی براہ راست معاونت کا ایک اور واضح ثبوت ہیں۔ یہ کارروائیاں کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز پر ہونے والے بڑے دہشت گرد حملے کے بعد کی گئیں جس میں 23 افراد شہید اور تقریباً 100 زخمی ہوئے تھے، جبکہ رات بھر جاری رہنے والے کلیئرنس آپریشن میں 8 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔ اس سے قبل وزارت اطلاعات نے بتایا تھا کہ افغانستان سے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائیوں کے دوران 28 سے زائد خوارج بھی ہلاک کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی اداروں اور دفاعی ماہرین کے مطابق موجودہ دور میں فضائی حدود کی حفاظت اور ڈرون حملوں کی بروقت روک تھام کے لیے جدید انٹرنیٹ، ریڈار سسٹمز، اور ریئل ٹائم سکیورٹی مانیٹرنگ نیٹ ورکس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے، جس کی بدولت پاک فوج ملک کے دفاع اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار اور الرٹ ہے۔