5

کوئی حکومت عوام کی طاقت سے بڑی نہیں ہوسکتی: قاسم خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت اپنی عوام سے زیادہ طاقتور نہیں ہوتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں قاسم خان نے کہا کہ پاکستانی عوام کے سامنے اب محدود راستے رہ گئے ہیں، یا تو وہ اپنے منتخب رہنما کی گرفتاری، خاندان کی حراست، سیاسی جماعت پر دباؤ اور انصاف سے متعلق اپنے تحفظات پر خاموش رہیں یا پرامن احتجاج کے اپنے بنیادی حق کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے اہلخانہ کو گرفتار کیا جاسکتا ہے اور لوگوں کو تشدد کی دھمکیاں دی جاسکتی ہیں، تاہم 25 کروڑ پاکستانیوں کو قید نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی ایک پوری نسل کی آواز دبائی جاسکتی ہے۔

قاسم خان کا کہنا تھا کہ دنیا کو دیکھنا چاہیے کہ پاکستانی عوام مبینہ دھمکیوں کے باوجود انصاف کے حصول کیلئے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ خوف کے ذریعے حکمرانی کرنے والے افراد نہیں بلکہ عوام کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔