11

پاکستان، روس اور عمان کی افواج کی مشترکہ مشقوں کا آغاز

پاکستان، روس اور عمان کی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہوگئیں، جن کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی کی تربیت، باہمی تعاون اور عملی تجربات کا تبادلہ ہے۔

پاک روس مشترکہ فوجی مشق درزبہ 9 کا آغاز چراٹ میں جبکہ پاک عمان مشترکہ فوجی مشق وشاق الجبل ٹو کا دوسرا ایڈیشن نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع کردیا گیا ہے۔

مشقوں میں پاکستان، روس اور عمان کی مسلح افواج کے دستے شریک ہیں، جبکہ دونوں مشقیں تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہیں گی۔

فوجی مشقوں کے دوران مشترکہ تربیتی سرگرمیوں، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور مختلف عملی مراحل پر توجہ دی جائے گی، جس سے شریک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق مشقوں کے ذریعے افواج کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا موقع ملے گا۔

مشترکہ فوجی مشقوں سے پاکستان، روس اور عمان کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔