12

پی ٹی آئی مارچ، اسلام آباد پولیس کا پنجاب سے 16 ہزار اہلکار طلب : ذرائع

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے اضافی نفری کے لیے پنجاب سے 16 ہزار اہلکار طلب کیے ہیں، جبکہ سندھ سے بھی پولیس اہلکار مانگے گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مارچ کے پیش نظر مختلف اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچائے جا رہے ہیں، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں اضافی سیکیورٹی نفری تعینات کرنے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں 22 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی جبکہ اٹک میں تقریباً 30 ہزار اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستے فی الحال کھلے ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے، جبکہ راستوں کی بندش سے متعلق فیصلہ صورتحال اور عوامی تحفظ کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے باعث انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر کے انتظامات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔