13

کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قیمت میں کمی

کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 3 پیسے سستا ہونے کے بعد 277.22 روپے پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ کاروباری سیشن میں ڈالر کی قیمت 277.25 روپے تھی۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 24 پیسے کمی ہوئی اور یہ 279.07 روپے پر آگیا۔ یورو 4 پیسے کمی کے بعد 321.93 روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ 34 پیسے سستا ہوکر 375.34 روپے کا ہوگیا۔

یو اے ای درہم کی قیمت میں 2 پیسے کمی کے بعد یہ 76.27 روپے جبکہ سعودی ریال 2 پیسے اضافے کے بعد 74.52 روپے پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام مثبت رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 268 پوائنٹس اضافے کے بعد 171,153 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری دن کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 171,732 جبکہ کم ترین سطح 170,902 رہی، جبکہ مجموعی طور پر 16 کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا۔