10

سی پی ایل 2026 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد معین علی کا فلسطین کے حق میں نعرہ، ویڈیو وائرل

کیرئیبین پریمیئر لیگ 2026 کا چیمپئن بننے کے بعد انگلش کرکٹر معین علی نے اختتامی تقریب میں فلسطین کے حق میں پیغام دے دیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے معین علی نے ٹیم کی کامیابی کو اپنی ذات کے بجائے فرنچائز، کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پوری ٹیم کی مشترکہ محنت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئن بننے کا سفر آسان نہیں تھا، تاہم ٹیم کے تمام اراکین نے مشکل مراحل میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا اور پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔

معین علی نے فائنل میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران اوس نے بھی کھیل پر اثر ڈالا، تاہم آخرکار کامیابی حاصل کرنا ایک خاص احساس تھا۔

انہوں نے ٹیم کی حمایت کرنے پر اینٹیگا کے شائقین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی ان تمام لوگوں کے نام ہے جنہوں نے مسلسل ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔

اختتامی پیغام میں معین علی نے ’فری فلسطین ہمیشہ‘ کا نعرہ لگایا، جس کے بعد ان کا یہ پیغام توجہ کا مرکز بن گیا۔