وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آئے ہیں اور تمام آئینی، قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرنے کے بعد احتجاج کا راستہ اپنایا گیا ہے۔
پریس کانفرنس میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد انہوں نے کوئی بڑا احتجاج نہیں کیا، تاہم مطالبات پر توجہ نہ دیے جانے کے باعث احتجاج کرنا پڑا۔ ان کے مطابق پرامن احتجاج آئینی حق ہے اور 27 ستمبر کو اعلان کردہ لانگ مارچ بھی پرامن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی جاتی تو آئین میں دیے گئے اس حق کو ہی ختم کردینا چاہیے۔
سہیل آفریدی کے مطابق 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں اور گرفتاریوں کے ذریعے تحریک کو روکنے کی کوشش کی گئی تو بھی مارچ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو لوگ بڑی تعداد میں نکلیں گے۔ موجودہ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی قیادت لانگ مارچ کے انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت بھی کر رہی ہے۔









