10

سندھ کی صورتحال پر ایم کیو ایم پاکستان کا بڑا مطالبہ سامنے آگیا

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے سندھ کی موجودہ صورتحال پر عدالتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر مزید انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہوگیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی ریلی کو عوامی اظہارِ رائے قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام رکاوٹوں اور پروپیگنڈے کے باوجود عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان کے مطابق اب موروثی سیاست کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے سندھ میں گزشتہ 18 برس کے طرزِ حکمرانی پر بھی سوالات اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ اس عرصے کے دوران صوبے کے انتظامی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کے اعداد و شمار پر اعتراض کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کراچی کی آبادی کو ماضی میں کم ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب فاروق ستار نے کراچی کی ریلی کو عوامی ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

انہوں نے کہا کہ ریلی میں عوام کی بڑی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ شہری اپنے مسائل اور مطالبات کے اظہار کے لیے بھرپور انداز میں سامنے آئے۔