ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 20 ستمبر کو ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ میں دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے 2 افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں، جبکہ 4 دیگر جوان بھی شہید ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ دیگر دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو کارروائی میں 8 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔









