4

ایران سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں، جلد فیصلہ کروں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا اور تہران سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق زیر غور راستوں میں ایران پر مزید معاشی دباؤ، معاہدے کی کوشش اور سخت کارروائی سمیت مختلف امکانات شامل ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ مستقبل قریب میں بڑے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کیلئے بھی وہ غالباً تیار ہیں۔

دوسری جانب امریکی انتظامیہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ حکام کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکی ویزے دینے کی منظوری دی ہے۔

مسعود پزشکیان آئندہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک جائیں گے، جہاں وہ ایران اور خطے کی صورتحال سے متعلق تہران کا مؤقف پیش کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں دنیا کے متعدد رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع اور خطے میں کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور سفارتی رابطے بھی اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔ ایک حالیہ امریکی حکومتی جائزے کے مطابق واشنگٹن کے سامنے موجود راستوں میں جنگ بندی، مزید فوجی کارروائی یا مذاکرات کے ذریعے کسی معاہدے کی کوشش جیسے امکانات شامل ہیں۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کے خلاف مزید سخت کارروائی اور وسیع پیمانے پر اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے چکے ہیں۔