خنجراب بارڈر پر سال کی پہلی برفباری نے موسم کو مزید حسین بنا دیا، برف سے ڈھکے پہاڑوں اور سرد ہواؤں نے پورے علاقے کے قدرتی حسن میں چار چاند لگا دیے۔
خنجراب پاس اور اطراف میں برفباری کے بعد ہر طرف سفید تہہ دکھائی دینے لگی، جبکہ بلند و بالا پہاڑ برف کی چادر میں لپٹ گئے۔ دلکش مناظر نے سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
پاکستانی اور چینی سیاحوں کی موجیں
خنجراب کا رخ کرنے والے پاکستانی اور چینی سیاحوں نے پہلی برفباری کا بھرپور لطف اٹھایا۔ سیاحوں نے برف سے ڈھکے پہاڑوں اور حسین مناظر کے درمیان تصاویر اور ویڈیوز بنائیں جبکہ خوبصورت لمحات کو کیمروں میں محفوظ کیا۔
برفباری کے بعد خنجراب کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے شیئر ہونے لگے، جہاں صارفین نے علاقے کی خوبصورتی کو سراہا۔
برفباری نے خنجراب کا حسن بڑھا دیا
پاکستان اور چین کے درمیان اہم زمینی گزرگاہ ہونے کے ساتھ خنجراب پاس گلگت بلتستان کا ایک معروف سیاحتی مقام بھی ہے۔ بلند سطحِ سمندر کے باعث یہاں موسم زیادہ سرد رہتا ہے اور برفباری کے بعد پورا خطہ برفانی منظرنامے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
سال کی پہلی برفباری نے خنجراب بارڈر کے قدرتی حسن کو مزید نکھار دیا، جبکہ برف پوش پہاڑوں کے دلکش مناظر نے ایک بار پھر سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔









