پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی کی ناقص انتظامی کارکردگی اور سنگین مالی صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے. ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ وقت پر اساتذہ کی تنخواہیں ادا نہ ہونے کی وجہ سے ادارہ تیزی سے ایک بڑے مالی اور انتظامی بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے
PUTA نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ کو ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کوئی احسان یا رعایت نہیں بلکہ ان کا بنیادی اور قانونی حق ہے، اس لیے تمام بقایا تنخواہیں فی الفور جاری کی جائیں. اساتذہ کی تنظیم نے کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یونیورسٹی کے خزانچی مالی امور کو سلیقے سے چلانے میں بار بار ناکام ثابت ہوئے ہیں، جبکہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی میں یہ مسلسل تاخیر انتظامی نااہلی اور احتساب کے فقدان کا منہ بولتا ثبوت ہے
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ انتظامیہ نئے طلبہ کے شاندار استقبال اور کیمپس کے تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے آئے روز نئے مسائل کو جنم دے رہی ہے. ایسوسی ایشن نے انتباہ کیا ہے کہ یہ موجودہ مالیاتی بحران یونیورسٹی کو مکمل انتظامی اور تعلیمی زوال کی طرف لے جا رہا ہے، اور اس سے پہلے کہ حالات مکمل طور پر ناقابلِ تلافی ہو جائیں، فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے
پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ کے تمام بقایا جات جلد از جلد ادا کیے جائیں اور اس بحران کے دائمی حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں. آخر میں تنظیم نے یہ انتباہ بھی کیا ہے کہ اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ اور پشاور یونیورسٹی کو اس دلدل سے نکالنے کے لیے ہر قسم کے قانونی اور جمہوری راستے اور ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے









