2

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کرلیا گیا۔

بلوچستان پولیس کے ترجمان کے مطابق پشین اور قلعہ عبداللہ میں بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز کیے۔

پشین کے مختلف علاقوں میں آپریشن

ترجمان کے مطابق پشین کے علاقوں کلی سلطان، اژرم، دینار اور گیلو میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشتگردوں کو ہلاک اور 5 کو گرفتار کیا۔

کارروائیوں کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش جاری

پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے اہم اور حساس معلومات کے حصول کیلئے تفتیش جاری ہے، جبکہ مشترکہ آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی ژوب، سی ٹی ڈی کمانڈر اور ایس ایس پی پشین نے کی۔

بلوچستان پولیس کے ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کیلئے سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں۔

مستونگ میں بھی کارروائی

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 مبینہ دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔

حکام کے مطابق اس کارروائی میں فتنہ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔