2

لبنانی وزیر داخلہ کی فیلڈمارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور لبنان کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر زور

ملاقات میں دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

لبنانی وزیر داخلہ کی پاک فوج کی تعریف

آئی ایس پی آر کے مطابق احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

لبنانی وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

دورانِ ملاقات دونوں جانب سے پاکستان اور لبنان کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔