5

خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کی ایران سے درآمدات میں اضافہ

خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی ایران سے درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران ایران سے پاکستان کی درآمدات کا حجم 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ایران سے درآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں جنگ اور کشیدگی کے باوجود پاکستان کی ایران سے درآمدات کا سلسلہ جاری رہا۔ مالی سال 2025-26 کے دوران بھی ایران سے درآمدات میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کا حجم ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

ایران پر درآمدی انحصار بڑھنے لگا

دستیاب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کا ایران سے درآمدات پر انحصار ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔

مالی سال 2024-25 میں ایران سے درآمدات ایک ارب 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ 2023-24 میں یہ حجم ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔

اسی طرح مالی سال 2022-23 میں ایران سے درآمدات 88 کروڑ ڈالر، 2021-22 میں 77 کروڑ 38 لاکھ ڈالر، 2020-21 میں 51 کروڑ 86 لاکھ ڈالر اور 2019-20 میں 44 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ کئی برسوں کے دوران پاکستان کی ایران سے درآمدات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔