اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف فراہم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ہر موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ دو ہزار روپے دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ خزانہ نے اس مجوزہ اسکیم پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس ریلیف کی فراہمی کے لیے ایک مخصوص "ریلیف فیول ایپ" کے استعمال کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کے ذریعے فراہم کردہ ماہانہ دو ہزار روپے سے تقریباً پانچ لیٹر پیٹرول خریدا جا سکے گا۔
دوسری جانب، وزارتِ خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی سخت شرائط کے باعث پیٹرولیم لیوی میں کمی کرنے اور چار سو تیس ارب روپے کے ہنگامی فنڈ سے یہ رقم استعمال کرنے کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔ حکومتیحکام متبادل ذرائع سے اس ریلیف کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے میں مصروف ہیں۔









