5

ملک بھر میں کل سے بارشوں کا امکان، 17 ستمبر تک پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

پنجاب میں بارش کا امکان

پنجاب میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

صوبے کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں بارش

خیبرپختونخوا میں کل سے 17 ستمبر تک پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

آزاد کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد اور راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں بھی بارش متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بارش کا امکان ہے۔ عمرکوٹ، بدین، کراچی اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

بلوچستان میں ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔