محمود بشیر ورک گزشتہ کئی روز سے لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ قضائے الٰہی سے وفات پاگئے۔
محمود بشیر ورک عام انتخابات 2024 میں گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ مجموعی طور پر 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہے۔
وہ 1997 میں پہلی بار مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2008 اور 2013 کے عام انتخابات میں بھی وہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوتے رہے۔
محمود بشیر ورک نے 2018 کے انتخابات میں حلقہ بندیوں کی تبدیلی کے بعد این اے 80 گوجرانوالہ سے کامیابی حاصل کی، جبکہ 2024 میں ایک بار پھر این اے 77 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
وہ جنوری 2018 سے مئی 2018 تک وفاقی وزیر قانون و انصاف کے منصب پر بھی فائز رہے۔
ذرائع کے مطابق محمود بشیر ورک کی نماز جنازہ کل ان کے آبائی گاؤں کمو ورکاں میں ادا کی جائے گی، جہاں ان کی تدفین بھی ہوگی۔
محمود بشیر ورک کا شمار گوجرانوالہ کے سینئر سیاستدانوں اور کہنہ مشق پارلیمنٹیرینز میں ہوتا تھا۔ ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔









