5

سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ: ڈیرہ اسماعیل خان کی زیتون بی بی کو نصف صدی بعد وراثتی جائیداد کا حق مل گیا

سپریم کورٹ میں وراثتی جائیداد کے مقدمے میں نصف صدی بعد زیتون بی بی کو حتمی ریلیف مل گیا ہے۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس ملک شہزاد اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل بینچ نے مخالف فریق کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 2022 کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالتی نظام کی بنیاد یقین، نظم و ضبط اور احکامات کی حرمت پر ہے جس کی پاسداری ہر صورت لازمی ہے۔ واضح رہے کہ زیتون بی بی کے والد 1976 میں انتقال کر گئے تھے جس کے بعد سے وہ اپنے وراثتی حق سے محروم چلی آ رہی تھیں، جبکہ سپریم کورٹ اس معاملے پر مخالف فریق کی نظرثانی اپیل بھی 2024 میں خارج کر چکی تھی۔