6

احتجاج توڑ پھوڑ کا مقدمہ: پی ٹی آئی کے 8 ارکان اسمبلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی، احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں 8 پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

عدالت نے مقدمہ نمبر 714، تھانہ مارگلہ میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جو جج طاہر عباس سپرا نے جاری کیے ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والے رہنماؤں میں شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان، اقبال آفریدی، مینا خان، ڈاکٹر امجد اور شفیع جان شامل ہیں۔

شاہراہ دستور احتجاج کیس

دوسری جانب 15 فروری کو شاہراہ دستور پر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور کارکنوں کے احتجاج کے مقدمے میں گرفتار 4 کارکنوں کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کی شناخت پریڈ کیلئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے چاروں ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔

پولیس کے مطابق چاروں کارکنوں کو تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔